شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات کیلئے بلایا گیا اجلاس مسترد کردیا

لاہور:مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب...
شائع 27 ستمبر 2020 12:24pm

لاہور:مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے انتخابی اصلاحات کیلئے بلایا گیا اجلاس مسترد کردیا اور کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کے عمل میں رکاوٹ نہ بنے۔

لاہور سے جاری ایک بیان میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان حساس قومی معاملہ اور کشمیر کاز سے جڑا ہے، موجودہ حکومت اسے اپنی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ حکومتی فسطائی اور آمرانہ رویے کو دیکھتے ہوئے کسی قسم کا تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کو کوئی اختیار نہیں کہ وہ گلگت بلتستان کے انتخابی امور میں مداخلت کرے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ اے پی سی کے نمائندہ اجلاس میں منظور کردہ قرارداد اور فیصلوں کی پاسداری کریں گے، حکومت نے قومی مفاد میں اپوزیشن کے ہر تعاون کو ٹھوکر ماری اور اپنی سیاسی ڈرامہ بازی کیلئے استعمال کیا۔

Read Comments