نوری آباد وین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17ہوگئی
کراچی :نوری آباد وین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17ہوگئی،میتیں کراچی سرد خانے منتقل کردی گئیں جبکہ جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق حیدرآباد، لطیف آباد سے ہے ،9زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
زخمی وین ڈرائیور کے مطابق گزشتہ رات حیدرآباد سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب آگے جانے والی گاڑی کا بونٹ اُڑ کر وین کی ونڈ اسکرین پر آ گرا،جس کے بعد وین بے قابو ہو کراُلٹ گئی اور وین میں آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں کئی زندگیاں لقمہ اجل بن گئیں۔
اس اندوہناک ٹریفک حادثے کے مزید 2 زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی،جن میں سے13لاشوں کی شناخت کیلئے ڈی این اے کے سیمپل لے لئے گئے جبکہ بیشتر زخمی حالت میں اسپتال میں زیرعلاج ہیں،خوش قسمتی سے ایک بچی کو خراش تک نہ آئی۔
حادثے میں حیدرآباد کے ایک خاندان کے5افراد بھی موت کی آغوش میں چلے گئے جبکہ ایک ہی خاندان کے کئی افراد لقمہ اجل بنے تو علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی ۔
لطیف آباد نمبر بارہ کے غلام صابر کاخاندان بھی اجڑ گیا، جس کے 3افراد کی تاحال شناخت نہ ہوسکی، اسد خان کا 17سالہ بیٹا اسفند اور غلام صابر خود حادثے میں زخمی ہوئے، جن میں سے چند کی حالت اب بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔
