میگامنی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور پرفردجرم عائد

اسلام آباد:احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدرآصف...
اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2020 01:20pm

اسلام آباد:احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدرآصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکارکردیا ۔

اسلام آبادکی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ، پارک لین اور ٹھٹھہ واٹرسپلائی ضمنی ریفرنسز پر سماعت کی،اس سلسلے میں سابق صدر آصف زرداری ،فریال تالپوراوردیگرملزمان عدالت میں ہوئے،اس موقع پرآصفہ بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک سپریم کورٹ میں مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے۔

احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پرمیگامنی لانڈرنگ کیس میں فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ۔

کیس کے ایک اور ملزم اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے اور ان کی حاضری لگائی گئی۔

عدالت نے انور مجید پر بھی اسی کیس میں فرد جرم عائد کی جبکہ ان کے صاحبزادے اے جی مجید پر کمرہ عدالت میں فرد جرم عائد کی جس پر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کئے جانے کے بعد گرفتار ملزمان حسین لوائی اور طحہ رضا کے وکلاء کو چارج شیٹ کی کاپی دی گئی۔

احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیئے کہ حاضری کیلئے دستخط کے ساتھ انہیں الزامات کی فرد جرم بھی دے دیں، جو ملزمان دیگر 2 ریفرنسز میں نامزد نہیں، وہ جاسکتے ہیں۔

عدالت کی ہدایت پر آصف زرداری اور فریال تالپور کو چارج شیٹ پڑھنے کیلئے دی گئی ۔

احتساب عدالت نے فرد جرم عائد ہونے کے بعد فریال تالپور کو جانے کی اجازت دے دی۔

پارک لین ریفرنس میں ملزمان شیر علی کی عدم حاضری کے باعث فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی ملتوی کی گئی جبکہ عدالت نے ملزم شیر علی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی بھی 3ملزمان کی عدم پیشی کے باعث مؤخر کردی گئی، دونوں ریفرنس پر 5 اکتوبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

Read Comments