کوروناکیسز میں اضافہ:کراچی میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز
کراچی :محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا کیسزمیں اضافے کے بعد شہر میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز دے دی۔
محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کیلئے کراچی کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، تمام ڈپٹی کمشنرز، تمام سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کو خط لکھ دیا۔
خط میں لکھا ہے کہ کورونا کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر کورونا کی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے جس کیلئے خاص طور پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کیا جائے۔
خط میں ہدایت دی گئی ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کیلئے ضلعی ہیلتھ افسر سے رابطہ کیا جائے اور اضافی پولیس کی نفری علاقوں میں تعینات کی جائے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی وجہ سے تقریباً 7 ماہ سے بند تعلیمی ادارے مکمل طور پر کھل گئے ہیں تاہم کچھ تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آنے پر انہیں سیل بھی کیا گیا ہے۔
