موٹروے زیادتی کیس:پولیس مرکزی ملزم عابد کو گرفتار کرنے میں ناکام

لاہور:موٹروے خاتون زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی 21روز سے...
شائع 30 ستمبر 2020 10:50am

لاہور:موٹروے خاتون زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی 21روز سے تاحال مفرور ہے ، پولیس تمام دعوؤں کے باوجود درندہ صفت ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

موٹروے خاتون زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو زمین نگل گئی یا آسمان کھا گیا ،21روز گزرنے کے بعد بھی ملزم پولیس کی گرفت میں نہ آسکا،ملزم عابد کی گرفتاری پولیس اور دیگر اداروں کیلئے تاحال کڑا امتحان بنی ہوئی ہے۔

گزشتہ روز کیس میں متاثرہ خاتون کا ٹیلی فونک بیان ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا،جس کیلئے کورٹ سے اجازت درکار تھی مگر اب تک بیان ریکارڈ کے حوالے سے کوئی کارروائی سامنے نہ آسکی۔

پولیس کے مطابق ملزم عابد ملہی اب بھی پنجاب کی حدود میں ہے اور وہ کسی بھکاری یا مزدور کے روپ میں ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ واقعے میں ملوث ملزم شفقت 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر ہےجبکہ مرکزی ملزم عابد کے اہلخانہ سمیت متعدد رشتے دار بھی پولیس کی حراست میں موجود ہیں۔

Read Comments