وائس ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر
وائس ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر کردیئے گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر صدرعارف علوی نے وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو نیول چیف مقررکرنے کی منظوری دے دی ۔
حکومت نے وائس ایڈمرل امجد خان نیازی کو نیول چیف مقررکرنے کا فیصلہ کرلیا ۔
وزیراعظم کی ایڈوائس پرصدرنے منظوری بھی دیدی ہے جس کے بعد ایڈمرل امجد خان نیازی بطور نیول چیف 6 اکتوبر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
موجودہ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی مدتِ ملازمت اکتوبر 2020 میں ختم ہورہی ہے۔ وائس ایڈ مرل محمد امجد خان نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کرکے اپنی سروس کا آغاز کیا تھا۔
وہ آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور بیجنگ یونیورسٹی چائنہ کے گریجویٹ ہیں۔
بھارت کے ساتھ حالیہ تناؤکے دوران محمد امجد خان نیازی نے پاکستانی فلیٹ کی کمانڈ کی جس کے دوران پاکستانی فلیٹ نے اپنی سمندری حدود میں بھارتی آبدوزکا سراغ لگایا اورایڈمرل امجد نیازی کی زیرکمان پاکستان فلیٹ نے بھارتی آبدوزکوبھاگنے پرمجبورکردیا تھا۔ اس کے علاوہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان نیول اکیڈمی سےاعزازی تلواربھی حاصل کی ہے۔
وہ چیف آف اسٹاف آپریشن سی او ایس او بھی رہے اوراپنی گراں قدرخدمات کے باعث ہلال امتیاز، ستارہ امتیازاورستارہ بسالت بھی حاصل کیا ۔