صدرمملکت کا افغان امن عمل کےلئے پاکستان کی جانب سے حمایت کااعادہ

ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے ملاقات میں صدر مملکت نے کہاافغانستان میں تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے بلکہ سیاسی مذاکرات کےذریعے ہی حل آگےبڑھنےکا واحد راستہ ہے۔
اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2020 10:27pm

صدرمملکت عارف علوی نے افغانوں کے اپنے طور پر شروع کردہ اور انہی کی سرپرستی میں افغان امن عمل کےلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

بدھ کواسلام آباد میں مفاہمت کے متعلق افغانستان کی اعلیٰ قومی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے بلکہ سیاسی مذاکرات کےذریعے ہی حل آگےبڑھنے کا واحد راستہ ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو عالمی برادری کی جانب سے سراہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا آغاز بارش کا پہلا قطرہ ہے۔

انہوں نے اس بات پرزوردیا کہ افغان قیادت کو تعمیری،جامع اور وسیع البنیاد و سیاسی حل کےلئے مل کر کام کرنے کےاس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔

صدر علوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے افغان قوم کی جانب سے کئےگئے فیصلوں پر ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

صدر نے خطے میں امن کی بحالی نہ چاہنےوالے عناصر پرنظر رکھنے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان اور افغانستان کےساتھ خطے میں اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لانے کےلئے ناگزیر ہے۔

Read Comments