نواز شریف نے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حساس قومی راز سے پردہ اٹھا دیا
مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حساس قومی راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔
لندن میں موجود نواز شریف کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکا کے کروز میزائل کی مدد سے اپنا کروز میزائل بنایا تھا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کروز میزائل ان کے دور میں بنائے گئے تھے۔ اس زمانے میں امریکا نے افغانستان پر کروز میزائل داغے تھے، تب ایک میزائل پاکستان میں آ گرا تھا، جو ٹھیک حالت میں تھا۔
پاکستان نے یہ میزائل اپنی تحویل میں لینے کے بعد اس کے ڈیزائن کا مطالعہ کیا اور اسی کی مدد سے اپنا کرونا میزائل پروگرام بنایا۔
اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار امجد شعیب کی جانب سے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے یہ بیان دے کر قومی راز سے پردہ اٹھایا ہے۔
نواز شریف نے حلف اٹھایا تھا کہ وہ کبھی کسی قومی راز سے پردہ نہیں اٹھائیں گے، لیکن انہوں نے کروز میزائل پروگرام کے حوالے سے بیان دے کر اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔
امجد شعیب کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکا کے کروز میزائل کو دیکھ کر اپنا پروگرام نہیں بنایا۔ امریکا کو بھی شک تھا کہ پاکستان نے اس کے کروز میزائل کی مدد سے اپنے کروز میزائل بنائے ہیں،
تاہم پھر امریکی حکام کو جب تفصیلات سے آگاہ کیا گیا تو انہیں یقین آگیا تھا کہ پاکستان کے کروز میزائل امریکی کروز میزائل سے بالکل مختلف ہیں۔