خسرو بختیار کا پاکستان کی مدد کرنے پر عالمی بینک سے اظہار تشکر

خسرو بختیار نے عالمی امدادی اداروں کے تعاون سے اقتصادی اصلاحات کا عمل تیز کرنے کےلئے وزیراعظم کی ہدایت کے بارے میں بھی بتایا۔
شائع 03 اکتوبر 2020 09:12pm

اقتصادی امور ڈویژن کے وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کوروناوائرس سے موثر انداز میں نمٹنے اور بروقت کارروائی کےلئے پاکستان کی مدد کے لئے 20کروڑ ڈالر کا پیکج دینے پر عالمی بینک کا شکریہ اداکیا ہے۔

وفاقی وزیر نے ہفتے کو عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر Najy Benhassine سےاسلام آباد میں ملاقات کی۔

وفاقی وزیر نے ملک میں فصلوں پر ٹڈی دل کے حملوں کے مضر اثرات سے نمٹنے کےلئے عالمی بینک کی جانب سے 20کروڑ ڈالر مالیت کے ٹڈی دل کی ہنگامی بنیادوں پر روک تھام کے منصوبے کےلئے اسکے تعاون کو بھی سراہا۔

مخدوم خسروبختیار نےکنٹری ڈائریکٹرکو اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کےلئےعالمی بینک اورایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے تجویز کردہ اقتصادی اصلاحات کی منظوری کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے عالمی امدادی اداروں کے تعاون سے اقتصادی اصلاحات کا عمل تیز کرنے کےلئے وزیراعظم کی ہدایت کے بارے میں بھی بتایا۔

انہوں نے کنٹری ڈائریکٹر پر زور دیا کہ وہ توانائی اور سیاحت کے شعبوں،کم لاگت کی رہائشی اسکیم اور کوروناویکسین کی دستیابی کےلئے پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں۔

کنٹری ڈائریکٹر نے عالمی بنک کے شعبہ جاتی جائزے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ان منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کے حکومتی عزم کو بھی سراہا جن کےلئے عالمی بنک نے فنڈز فراہم کئے ہیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ عالمی بنک پاکستان میں اپنے کردار کو مستحکم بنانے کیلئے وفاقی وزیر کی سفارشات پرغور کریگا۔

ریڈیو پاکستان

Read Comments