کلبھوشن یادیو کیس:2سینئر وکلاء نے عدالتی معاونت سے معذرت کرلی

اسلام آباد:بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس میں 2سینئر وکلا ءنے...
اپ ڈیٹ 06 اکتوبر 2020 12:56pm

اسلام آباد:بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس میں 2سینئر وکلا ءنے عدالتی معاونت سے معذرت کرلی ،سنیئر وکلاء نے رجسٹرار آفس کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں کلبھوشن یادیوکیس میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پرعمل درآمد کے معاملے پر 2سینئر وکلا ءعابد حسن منٹو اور مخدوم علی خان نے عدالتی معاون بننے سے معذرت کرلی۔

سنیئر وکلاء عابد حسن منٹو اور مخدوم علی خان نے رجسٹرار آفس کو اس ضمن میں تحریری طور پر آگاہ کر دیا جبکہ کیس کی سماعت آج دوپہر 2بجے ہونی ہے۔

عابد حسن منٹو نے خراب صحت جبکہ مخدوم علی خان نے پروفیشنل وجوہات کی بنا ءپر پیش ہونے سے معذرت کی۔

عابد حسن منٹو نے اپنی درخواست میں کہا کہ اپنی عمر اور جسمانی کمزوری کی وجہ سے پیش ہونے سے قاصر ہوں، کچھ سال قبل وکالت سے ریٹائر اور پریکٹس چھوڑ چکا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اعزاز کی بات ہے کہ عدالت نے معاون مقرر کیا، عدالت میری معذرت قبول کرے، خراب صحت کے باعث عدالت کی معاونت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔

مخدوم علی خان نے اپنی درخواستِ معذرت میں کہا ہے کہ کیس میں عدالتی معاون مقرر کیا جانا میرے لئے باعثِ فخر ہے، تاہم پروفیشنل وجوہات کی بناء پر میں عدالتی معاونت نہیں کر سکتا۔

Read Comments