وزیراعظم کا اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں پر گہری تشویش کا اظہار
وزیراعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کےلئے ایک جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کردی۔
منگل کواسلام آباد میں وفاقی کابینہ کےاجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا وزیراعظم نے اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ کابینہ کو ملک میں گندم اور چینی کے ذخیروں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور کہا گیا کہ ملک میں یہ اشیاء مناسب مقدار میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا سندھ میں گندم کی قیمتیں زیادہ ہیں کیونکہ صوبائی حکومت ذخیرہ جاری کرتے ہوئے ٹال مٹول کا مظاہرہ کررہی ہے۔
سید شبلی فراز نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ بارشوں اور سیلابوں سے بڑے پیمانے پر نقصانات کی وجہ سے رواں سال کپاس کی فصل کا ہدف حاصل نہیں ہوسکا۔
انہوں نےکہاکہ کابینہ نے حضرت امام حسین کےچہلم پر سیکیورٹی اقدامات یقینی بنانےکےلئےصوبائی حکومتوں،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطے قائم کرنے کی بھی منظوری دی۔