علماءومشائخ کاملک میں مذہبی ہم آہنگی کوپروان چڑھانےکےعزم کا اظہار

وزیرنورالحق قادری کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں علماء و مشائخ نے مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنے کےحوالے سے 20نکاتی ضابطہ اخلاق پر دستخط کئے گئے۔
شائع 06 اکتوبر 2020 08:09pm

معروف علماء و مشائخ نے تاریخی دستاویز پیغام پاکستان کی روشنی میں ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو پروان چڑھانےکے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزارت مذہبی امورکےمطابق منگل کو وفاقی وزیرنور الحق قادری کی زیرصدارت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء ومشائخ کا اجلاس ہوا جس میں مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنے کےحوالے سے 20نکاتی ضابطہ اخلاق پر دستخط کئے گئے۔

دستاویز کے مطابق انہوں نے پاکستان کے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مساوات، سماجی اور سیاسی حقوق، آزادی اظہار رائے، اجتماع اور عقیدے سمیت دوسروں کے بنیادی حقوق کا احترام یقینی بنائیں۔

انہوں نے اتفاق کیا کہ شریعت کے نفاذ کےلئے ہر پاکستانی کو پرامن جدوجہد کا حق حاصل ہے جس میں اسلامی اصولوں اور آئین کے تحفظ کی یقین دہانی کی گئی ہو۔

دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ اسلام کے نفاذ کے نام پر طاقت کا استعمال،ریاست کے خلاف مسلح جدوجہد ہر قسم کے تشدد اور انتشار کو غداری سمجھا جائیگا۔

انہوں نے تمام علماء اور مختلف شعبوں ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے تمام دیگر افراد پر زور دیا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج سمیت ریاست اور اس کے اداروں کی مکمل حمایت کریں تاکہ معاشرے سے تشدد کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو دوسروں پر اپنے مذہبی خیالات ٹھونسنے نہیں چاہیں کیونکہ یہ شریعت کی صریح خلاف ورزی ہے تاہم کسی بھی مکتبہ فکر کو اپنے عقیدے کے مطابق تبلیغ کا حق حاصل ہے اور نفرت انگیز تقریر کی اجازت نہیں ہوگی۔

ریڈیو پاکستان

Read Comments