نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع فراہم کرنااولین ترجیح ہے، گزشتہ 10 سالوں سے ایس ایم ایز کو یکسر نظر انداز کرنے سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے،کاروبار میں سہولت کاری کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے سمال اینڈ میڈیئم انٹرپرائز کا اجلاس ہوا۔
چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے مجوزہ نیشنل ایس ایم ای پالیسی2020 وزیرِ اعظم کو پیش کرتے ہوئے اس کے خدو خال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع فراہم کرنا اور ملکی برآمدات میں اضافہ اولین ترجیح ہے، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ ان اہداف کے حصول میں کلیدی کردار کا حامل ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10سالوں میں ایس ایم ایز کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا جس سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
وزیرِ اعظم نے وفاقی محکمے اور صوبائی حکومتوں کو ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کاروبار میں سہولت کاری کلئے پرعزم ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیر صنعت کو ہدایت کی صوبوں کی مشاورت سے مجوزہ ایس ایم ای پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے ٹائم لائنز پر مبنی روڈ میپ کو جلد حتمی شکل دی جائے۔
حکومت کا کمزور اور بے سہارا افراد کیلئے بڑا اقدام
دوسری جانب حکومت کا کمزور اور بے سہارا افراد کیلئے بڑا اقدام سامنے آیا ہے،کمزور طبقہ کی سرکاری اداروں اور محکموں تک رسائی مزید آسان بنانے کیلئے ملک بھر میں8 ہزار سے زائد افسران کو ذمہ داریاں تفیض کردی گئیں۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک کا سب سے بڑا شکایات کا نظام مکمل فعال کردیا گیا ۔
وزیراعظم آفس نے ملک بھر میں سیٹیزن پورٹل پر افسران کے8ہزار864 ڈیش بورڈز کو ذمہ داری تفویض کردیں ۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے تمام صوبوں کو مراسلہ جاری کردیا گیا ، جس میں سرکاری افسران کو کمزور طبقہ کی شکایات درج کرنے خصوصا بزرگ ،بیوہ اور معزور افراد کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ۔
وزیراعظم نے کہاکہ تحریک انصاف حکومت کا منشور عوام کی عملی خدمت کرنا ہے، سرکاری اداروں کو عوام کی خدمت کیلئے ہر صورت پابند بنایا جائے،گورننس سسٹم کی بہتری عوام اور سرکاری اداروں کے مابین بہتر راوبط سے مشروط ہے ۔
وزیراعظم ہاوس سے جاری مرسلے میں تمام وفاقی سیکرٹریز،چیف سیکرٹریز،آئی جیز پی کو ضابطہ اخلاق بھی بھجوائے گئے ہیں، سرکاری ادارے شہری کی شکایت فوری متعلقہ محکمہ کو بھیجنے کے پابند ہوں گے۔
