حکومت گرانا ہے تو اپوزیشن کی تمام جماعتیں استعفے دیں ،مصطفیٰ کمال

کراچی :پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکومت...
شائع 09 اکتوبر 2020 11:57am

کراچی :پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکومت گرانا ہے تو اپوزیشن کی تمام جماعتیں استعفے دیں ،بات قومی اسمبلی کی ہوتی یہ ملک کی اینٹ سے اینٹ بجا دیتے، حکومت بھی اپنا اقتدار بچانے میں لگی ہے۔

کراچی کی احتساب عدالت میں پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال اوردیگر ملزمان کیخلاف کلفٹن میں پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت ہوئی،اس موقع پر مصطفیٰ کمال،سابق ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائمخانی ودیگرملزمان پیش ہوئے ۔

نیب کے تفتیشی افسرنے عدالت کوبتایا ریفرنس کے مفرور ملزمان زین ملک کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہوسکی،بعدازاں عدالت نے سماعت 21اکتوبرتک ملتوی کردی۔

عدالت کے باہرمیڈیا سےگفتگو میں سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے اپوزیشن کے اتحاد پی ڈی ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا حکومت کو گرانا ہے تو استعفے دے دیں ، مزے پورے لینے ہیں اور عوام کو بے وقوف بنائے ہوئے ہیں ،میاں صاحب پیپلزپارٹی کے پلیٹ سے خطاب کررہے ہیں ، ان کو بلدیاتی انتخاب کی کوئی فکرنہیں ہے ، بات قومی اسمبلی کی ہوتی یہ ملک کی اینٹ سے اینٹ بجا دیتے،میاں صاحب جمہوریت کے علم بردار ایسے نہیں ہوتے ۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت اقتدار بچانے میں لگی ہوئی ہے، اس کی صبح شام پریس کانفرنس ہوتی ہے ۔

چیئرمین پی ایس پی نے مزید کہا کہ جب میاں صاحب وزیر اعظم تھے تو انہوں نے سندھ پٹے پردیا ہوا تھا ،پیپلزپارٹی نے کے فورمنصوبے کے ڈیزائن میں تبدیلی کا بہانہ بنا کراسے دو سال تک روکے رکھا ، سندھ میں 12سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے اس نے جمہوریت کے نام پر کراچی سے کشمور تک حشر کیا کیا ہوا ہے ۔

Read Comments