چیف جسٹس کراچی میں پانی کی عدم فراہمی پر برہم
چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اہم بیٹھک لگائی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری، کلفٹن کنٹونمنٹ، ڈی ایچ اے، ایم ڈی واٹر بورڈ اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
چیف جسٹس کی جانب سے ڈی ایچ اے سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی پر کلفٹن کنٹونمنٹ اور ایم ڈی واٹر بورڈ کی سخت سرزنش کی گئی۔ چیف جسٹس نے ڈی ایچ اے سمیت شہر بھر میں پانی کی قلت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شہر میں پانی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔
انتظامیہ نے ججز کے گھروں کیلئے خصوصی لائنیں بچھانے کی پیشکش کی، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ صرف ہمارے گھروں کو پانی نہیں چاہیے، ڈی ایچ اے کا مسئلہ حل کریں، شہرمیں جہاں جہاں پانی کی قلت ہے، ختم کی جائے۔
چیف جسٹس نے زیرتعمیرعمارت کیلئے سیوریج لائن کا مسئلہ حل کرنے کا حکم بھی دیا۔