مولانا ڈاکٹر عادل خان کو جامعہ فاروقیہ میں سپرد خاک کردیا گیا
کراچی :معروف عالم دین مولانا ڈاکٹر عادل خان کی نماز جنازہ جامعہ فاروقیہ میں ادا کردی گئی ،جس کے بعد انہیں اپنے والد کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا،نمازجنازہ میں مفتیان کرام ،علما، طلبا، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
گزشتہ روز دہشتگردی کا شکار ہونے والے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم اورمعروف عالم دین مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان اور ان کے ڈرائیور مقصود کی نماز جنازہ مولانا عادل خان شہید کے بڑے بھائی مولانا عبیداللہ خالد نے پڑھائی، نماز جنازہ حب ریور روڈ پر واقع جامعہ فاروقیہ فیز 2 میں ادا کی گئی۔
مولانا عادل خان کو جامعہ فاروقیہ میں ان کے والد مولانا سلیم خان کے پہلو میں سپردخاک کیا گیا۔
نماز جنازہ میں، مولانا تقی عثمانی ، مولانا رفیع عثمانی، قاری حنیف جالندھری، جمعیت علما اسلام کے رہنماء سینیٹر عبدالغفور حیدری، راشد محمود سومرو، مہتمم جامعہ بنوریہ مفتی نعمان نعیم،علامہ اورنگزیب فاروقی نے شرکت کی ۔
اس کے علاوہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان سمیت مفتیان کرام،علماء، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور ہزاروں کی تعداد میں طالب علم بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔
نماز جنازہ کے موقع پر حب ریور روڈ کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئکے گئے تھے،پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی۔
