نیب آفس ہنگامہ آرائی کیس :کیپٹن (ر)صفدر اور راناثناء اللہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے نیب آفس ہنگامہ آرائی کیس میں...
شائع 12 اکتوبر 2020 10:44am

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے نیب آفس ہنگامہ آرائی کیس میں کیپٹن(ر)صفدر اور رانا ثناء اللہ سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 15 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے نیب آفس ہنگامہ آرائی کیس میں کیپٹن (ر)صفدر اور راناثناء اللہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

رانا ثناءاللہ عدالت میں حاضری کیلئے پیش ہوئے جبکہ کیپٹن (ر)صفدر کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دی گئی جو منظور کرلی گئی ۔

تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ لیگی رہنماؤں نے کارکنوں کو حملے اور تشدد پر اکسایا ۔

رانا ثناءاللہ کے وکیل کاکہنا تھا کہ دہشتگردی کا مقدمہ بے بنیاد اور ہنگامہ آرائی اور تشدد کا الزام جھوٹ ہے ،لہذا عدالت عبوری ضمانت منظورکرے ۔

عدالت نے نون لیگی رہنماوں کی 15 اکتوبر تک عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہناتھا کہ استعفوں کا فیصلہ قیادت کرے گی، جب استعفوں کا وقت آیا تو کوئی بھی الیکشن نہیں کروا سکتا ،16 اکتوبر کا جلسہ ریفرنڈم ہو گا۔

راناثناءاللہ نے کہا کہ گوجرانوالہ کا جلسہ پرامن اجتماع ہے جسے روکنے کی کوشش کی گئی تو ان کا مؤقف درست ثابت ہو گا ۔

لیگی رہنماء رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پارٹی میں کسی لوٹے کو برداشت نہیں کیا جائے گا،حکومتی نااہل ٹولے کو ہرصورت جاناہوگا۔

Read Comments