عمران خان پریشان ہیں اس لئے کہتے ہیں فوج ہمارے ساتھ ہے ،شاہد خاقان عباسی

کراچی :سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عمران خان...
شائع 12 اکتوبر 2020 12:41pm

کراچی :سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عمران خان پریشان ہیں اس لئے کہتے ہیں فوج ہمارے ساتھ ہے ،ہم پر غداری کے پرچے کٹ سکتے ہیں توان پر بھی آئین سے انحراف کا پرچہ ہونا چاہیئے، اب عدالتیں بھی کہہ رہی ہیں نیب سیاسی انجینئرنگ کر رہا ہے ، وفاق سندھ کے جزائرلوٹنا چاہتا ہے۔

کراچی کی احتساب عدالت میں پی ایس او میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے بغیر کارروائی کے سماعت 2 نومبر تک ملتوی کردی۔

عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارا وزیر اعظم بے خبر آدمی ہے انہیں پرچون کا علم نہیں چینی کی قیمت تک کا علم نہیں، عمران خان خود کو جمہوریت سمجھتے ہیں ،یہ پریشان ہیں اس لئے کہتے ہیں کہ فوج ہمارے ساتھ ہے ۔

ن لیگ کے رہنماء کا کہنا تھا کہ جو شخص جمہوری عمل سے نہیں آیا اسے کہنے کی ضرورت نہیں پڑتی کہ میں جمہوریت ہوں، میں بھی ایک پرچہ درج کرانا چاہتا ہوں،ایک آدمی عمران خان ہے جس نے آئین کا حلف اٹھایا ہے اور جھوٹے مقدمات بنواتا ہے ۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بد نصیبی ہے نیب یہ ایسا ادارہ ہے جس سے متعلق اعلی عدالتوں کی آبزرویشن آچکی ہے،یہ حقیقت ہے یا پاکستان کو چلائیں گے یا نیب کو چلائیں ۔

سابق وزیراعظم نے مزیدکہا کہ حکومت اب سندھ کے جزیرے لوٹنا چاہتی ہے، ملک میں تماشا لگا ہوا ہے، پاکستان اورنیب اکٹھے نہیں چل سکتے، ملک کے آدھےسیاستدانوں پرتوغداری کے مقدمے درج کئےگئےہیں ۔

Read Comments