اثاثہ جات ریفرنس: ایک سال بعد بھی ملزمان پرفرد جرم عائد نہ ہوسکی
کراچی :احتساب عدالت نےاسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت 4نومبرتک ملتوی کردی ،ریفرنس کے ایک سال بعد بھی ملزمان پرفرد جرم عائد نہ ہوسکی۔
کراچی کی احتساب عدالت میں اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت دیگرملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ملزمان پر آج بھی فرم جرم عائد نہ ہو سکی۔
ملزمان کے وکیل نے عدالت کوبتایا ریفرنس میں نامزد دو ملزمان شمشاد خاتون اورذولفقار علی کورونا میں مبتلا ہیں، شمشاد خاتون کی حالت تشویشناک ہے، طبیعت بہتر ہونے کے بعد ہی ملزمان عدالت میں پیش ہوسکتے ہیں۔
نیب پراسیکیوٹر شہباز سہوترا نے کا موقف تھا کہ یہ تاریخ پر تاریخ لے رہے ہیں، مختصر تاریخ دیں تاکہ جلدی ہی فرد جرم عائد ہو سکے، ریفرنس کو ایک سال گزر چکا ہے تاحال فرد جرم عائد نہیں ہوسکی۔
بعدازاں احتساب عدالت نے آغا سراج درانی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت 4نومبرتک ملتوی کردی۔
