شہید ملت لیاقت علی خان کی 69 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
کراچی :پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید ملت لیاقت علی خان کی69ویں برسی آج منائی جا رہی ہے ،پاکستان کے پہلے وزیراعظم کے قتل کا معمہ آج تک حل نہ ہوسکا۔
سولہ اکتوبروہ افسوسناک دن ہےجب ملک کے پہلے وزیرِاعظم کوشہید کردیا گیامگرعوام اب تک قتل کے محرکات سے لاعلم ہیں۔
سابق وزیراعظم لیاقت علی خان 2اکتوبر1896کوبھارتی ریاست ہریانہ کے شہرکرنال میں پیدا ہوئے ،1923میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم مکمل کرکے وطن واپس آئے اورمسلم لیگ میں شمولیت اختیارکی،وہ برطانوی دورکی عبوری حکومت کے پہلےوزیرِخزانہ بھی رہے۔
لیاقت علی خان 1940میں مرکزی قانون سازاسمبلی کے رکن منتخب ہوئے،1948میں قائداعظم محمد علی جناح کی وفات کے بعد لیاقت علی خان نےملک کے پہلےوزیرِاعظم کا عہدہ سنبھالا۔
وزیراعظم لیاقت علی خان پاکستان کے پہلے سیاسی شہیدتھے،جن پرراولپنڈی کے موجودہ لیاقت باغ میں اس وقت عقب سےگولی چلائی گئی جب وہ جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے،ان کے آخری الفاظ تھےکہ "خدا پاکستان کی حفاظت کرے"،وزیراعظم کے قتل کا معما آج تک حل نہ ہوسکا۔
