پاکستانی فلم "پرواز ہے جنون" پاکستان کے بعد دنیا کی سب سے بڑی فلمی مارکیٹ میں بھی ریلیز ہونے جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے چینی زبان میں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستانی فلم "پرواز ہے جنون" آئندہ ماہ چین میں ریلیز کی جائے گی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستانی فلم کا چین میں ریلیز ہونا بڑی کامیابی ہے، اس سے مقامی فلموں کیلئے دنیا کی سب سے بڑی فلمی منڈی کا دروازہ کھلے گا اور فلم سے دو طرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا، پاکستان چین دوستی زندہ باد۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر پاکستانی سینما کی نمائندگی کرنے والی فلم "پرواز ہے جنون" پاک فضائیہ کے عزم و حوصلے کی ولولہ انگیز داستان ہے جس میں حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر اور احد رضا میر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔