سندھ: ہیلتھ کیئر کمیشن کی کارروائیاں ،60 کلینکس سیل
سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کی ہیں،بغیر رجسٹریشن کےچلائے جانیوالے 60 سے زائد کلینکس سیل کردیئےگئے۔
سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن کورنا وائرس کے بعد پھر سے حرکت میں آگیا۔ گذشتہ دو دن کے دوران 60 سے زائد کلینک سیل کر دئیے گئے۔
سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن نےبلدیہ ٹاؤن ۔ ڈیفنس۔ ملیر اورصدر ٹاؤن میں کاروائیاں کیں۔ درجنوں کلینکس کو بغیر رجسٹریشن کےچلایا جارہاتھا۔
سربراہ سندھ ہیلتھ کئیرکمیشن سید باقر رضاء کا کہنا تھا کہ جوکلینک یا اسپتال ہیلتھ کئیر کمیشن میں رجسٹرڈ نہیں ہو گا اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔
ہیلتھ کئیر کمیشن کےمطابق کلینک یا اسپتال کے مالکان فوری اپنے ادارے کی رجسٹریشن کرائیں۔ ہمارا مقصد صوبے سے عطائیت کا خاتمہ ہے۔
ہیلتھ کئیر کمیشن کےمطابق کراچی کےبیشتر علاقوں میں بڑی تعداد میں کلینکس اوراسپتال بغیر رجسٹریشن کے چلائے جارہے ہیں، جبکہ مضافاتی علاقوں میں مقامی انتظامیہ کی سرپرستی میں جعلی ڈاکٹرزبھی لوگوں کی زندگیوں سےکھیل رہے ہیں ۔