ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں ماضی کا حصہ ہیں،مریم نواز
کوئٹہ :مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز کا کہنا ہے کہ ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں ماضی کا حصہ ہیں، ہماری تحریک سے مارشل لا ءنہیں آئے گا، عمران خان 5سال تو کیا 2020کاسال بھی پورا نہیں کریں گے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کوئٹہ میں سینئر صحافیوں سے گفتگو میں حکومت پر لفظی گولہ باری کرتے ہوئے کہا کہ جلسےکی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے،کیاتھریٹ کےڈرسےجلسہ ہی نہ کریں؟عمران خان کی باتوں سے لگ رہا ہے ،وہ گھبرائےہوئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں ماضی کا حصہ ہیں، ہماری تحریک سے مارشل لا ءنہیں آئے گا، ریاست کا فرض ہے ناراض لوگوں کو سنیں، ناراض لوگوں کو قومی دھارے میں لانے سے ملک مستحکم ہوگا،جب چیزیں غلط ہوں گی تو آواز اٹھے گی، حقیقی سیاسی جماعتیں عوامی ردعمل کیخلاف نہیں جائیں گی۔
ن لیگ کی نائب صدر نے مزید کہا کہ حکومت کے دن گنے جاچکے،حکومت 5سال تو دور کی بات 2020کا سال بھی پورا نہیں کرے گی۔
مریم نواز نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت سے بات کرنا گناہ سمجھتی ہوں بیک ڈورڈپلومیسی کی عادی نہیں، یہ حکومت جمہوری طریقے سے ہی گرے گی۔
