عوام کو دنیا کی بہترین ٹرانسپورٹ سہولت دینے والا جیل میں ناحق قید ہے،مریم اورنگزیب
اسلام آباد:مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب!اورنج لائن منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کچھ شرم تو آرہی ہوگی، عوام کو دنیا کی بہترین ٹرانسپورٹ سہولت دینے والا جیل میں ناحق قید ہے،عمران صاحب !آج کس منہ سے اورنج ٹرین کا افتتاح کر رہے ہیں۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین کے افتتاح کے موقع پرترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج عوام کو دنیا کی بہترین ٹرانسپورٹ سہولت دینے والا جیل میں ناحق قید ہے،عمران صاحب!آج کس منہ سے شہباز شریف کی اورنج ٹرین کا افتتاح اور تختی لگا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صاحب !آپ 10سال بعد بھی اورنج ٹرین کا افتتاح کرتے تو آپ کو ہر اطراف سے شکریہ شہباز شریف ہی سُنائی دیتا،ہر عوامی منصوبوں کو وزیراعظم عمران خان نے اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھایا آج انہی نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں پہ تختیاں لگا رہے ہیں۔
ترجمان ن لیگ نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب مسلم لیگ (ن) کے کام بولتے ہیں،آپ صرف جھوٹ بولتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ سیاسی انتقام کے نشے میں نیب نیازی گٹھ جوڑ نے شہباز شریف کے ہر منصوبے کو متنازعہ بنایا، عمران صاحب!یہ وہی اورنج لائن منصوبہ ہے جس کخلا ف پی ٹی آئی کبھی عدالت بھی گئی تھی، آپ کی وجہ سے منصوبے کی لاگت اور تکمیل کی مدت میں اضافہ ہوا۔
