کوئٹہ میں پی ڈی ایم کا سیاسی طاقت کا مظاہرہ،اعلیٰ سیاسی قیادت اسٹیج پر موجود
کوئٹہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )کی جانب سے سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ،مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز سمیت اعلیٰ سیاسی قیادت اسٹیج پر موجود ہیں۔
حکومت کخلا ف اپوزیشن اتحاد کا تیسرا راؤنڈآج ہورہا ہے،کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں پی ڈی ایم کا جلسہ عام جاری ہے،جلسے میں ہزاروں افراد موجود ہیں۔
پی ڈی ایم سربراہ مولانافضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز،سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف ،یوسف رضا گیلانی ،محمود اچکزئی اور اختر مینگل سمیت دیگررہنماءاسٹجم پر موجود ہیں۔
جلسہ گاہ میں کرسیاں نہیں لگائی گئیں جبکہ اسٹیڈیم میں 50ہزار سے زائد افراد کی گنجائش ہے،جلسہ گاہ میں خواتین کی بھی بڑی تعداد امڈ آئی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نےبلوچی لباس زیب تن کررکھا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی شرکت مشکوک ہے جواس وقت گلگت بلتستان کے انتخابات کیلئے وہاں موجود ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری جلسے کے شرکاء سے ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کریں گے جبکہ جلسہ عام سے اب تک شاہ اویس نورانی،خالدسومرو ساجدمیر،میاں افتخاراورآفتاب شیر پاؤخطاب کرچکے ہیں جبکہ محمودخان اچکزئی اورڈاکٹرعبدالمالک بلوچ بھی اسٹیج پر موجود ہیں۔
جلسےکی سیکیورٹی کیلئے ہزاروں پولیس اہلکارتعینات کئے گئےہیں،اسٹیڈیم میں 3ہزارسےزیادہ رضاکاروں نے انتظام سنبھال رکھاہے۔
ٹریفک پولیس نے ایوب اسٹیڈیم میں پی ڈی ایم کے جلسے کا ٹریفک پلان جاری کردیا،پولیس نے ہدایت دی ہے کہ جلسہ گاہ جانے والے راستوں پر بلاوجہ رش کرنے سے گریز کیا جائے ،ٹریفک رواں رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
کوئٹہ میں موبائل فون اورانٹرنیٹ سروس بند
دوسری جانب سیکیورٹی کے پیش نظرکوئٹہ میں موبائل فون اورانٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے ۔
سیکیورٹی خدشات:کوئٹہ میں دفعہ144 نافذ ،موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی
بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث کوئٹہ میں دفعہ 144نافذ کردی گئی جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔
چیف سیکریٹری بلوچستان کہتے ہیں عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلیے اقدامات کر رہےہیں، پی ڈی ایم کے جلسے کے تحفظ کیلیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
چیف سیکریٹری بلوچستان نے حکام کو ہدایت کی نیکٹا کی طرف سے جاری تھریٹ کو سنجیدگی سے لیا جائے۔
