پاکستان حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی ہرممکن مدد جاری رکھےگا، وزیراعظم
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے یوم سیاہ پر کشمیری عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی ہرممکن مدد جاری رکھے گا،یوم سیاہ کشمیر انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کو اجاگر کرتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر اور یوم سیاہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم یہ دن بھارتی غیرقانونی قبضے کی مذمت کرنے کیلئے منا رہے ہیں، آج کے دن ہم کشمیری عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کررہے ہیں ،یوم یکجہتی کشمیرانسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کواجاگرکرتا ہے، آج کے دن 73سال قبل بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر کے لوگوں پر زبردستی قبضہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن بھارتی افواج کشمیری عوام کو زبردستی محکوم بنانے سری نگر پہنچی،جموں و کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی قبضہ بین الاقوامی تنازعہ ہے، اس تنازعہ کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں میں ہے ،7دہائیوں سے جاری مظالم کے باوجود بھارت کشمیری عوام کا عزم توڑنے میں ناکام ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان ریاستی دہشتگردی، بے گناہ کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل اور آزادی اظہاررائے پرپابندیوں میں ملوث ہے، جعلی مقابلوں، حراست میں تشدد اوراموات ، کشمیری قیادت کی نظربندیوں کے واقعات کی دنیا گواہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پیلٹ گنوں کا استعمال ، مکانات کو نذر آتش کررہی ہے، بین الاقوامی برادری گواہ ہے کہ بھارت ہر حربہ آزما کربھی کشمیری عوام کے خود ارادیت کی جدوجہد کو ختم کرنے میں ناکام ہے۔وزیراعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ بھارت کی یکطرفہ کارروائیوں آر ایس ایس سے متاثر ہندوتوا سوچ کی عکاسی ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں فوجی محاصرے اور 5 اگست کے یکطرفہ اقدام نے ‘ہندوتوا’ نظریہ کو بے نقاب کیا، ہندوتوا نظریے اوراکھنڈ بھارت ڈیزائن کا امتزاج علاقائی امن و استحکام کیلئےخطرہ ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر تنازعہ کی بین الاقوامی قانونی حیثیت اقوام متحدہ کی قراردادوں میں شامل ہے،ممبرممالک کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تعمیل کو یقینی بنائے، عالمی برادری ہندوستان کو ریاستی دہشتگردی کے ذریعے خطے کوغیرمستحکم کرنے کی کوشش سے روکے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کے پرامن حل کیلئے کام کرے،یہ واحد راستہ ہے جو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اوراستحکام کو یقینی بنا سکتا ہے،پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کرکھڑا رہے گا ،پاکستان حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری بہن بھائیوں کی ہرممکن مدد جاری رکھے گا۔
