پشاور دھماکا:صدر ،وزیراعظم اوردیگر سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

اسلام آباد:صدر مملکت عارف علوی ،وزیراعظم عمران خان اور دیگر...
اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2020 12:15pm

اسلام آباد:صدر مملکت عارف علوی ،وزیراعظم عمران خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں مدرسے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے پشاور میں مدرسےمیں دھماکےکی شدیدمذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ آج پشاورمیں مدرسےکےمعصوم بچوں کونشانہ بنایا گیا،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قوم اپنی افواج کےبشانہ کھڑی ہے،دہشتگردی کےاس عفریت کوجڑسےاکھاڑ کردم لیں گے۔

وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے بچوں پر حملہ ملک دشمن عناصر کا بزدلانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا، ملک وقوم کی سلامتی اور بقاء کو نقصان پہنچانے والے اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

اعجاز شاہ نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کی قربانی کے مقروض ہیں، کسی صورت ایسے بزدلانہ عمل سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ طلباء پرحملہ کرنے والوں کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والوں کے مذموم عزائم خاک میں ملائیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو،قائد حذب اختلاف شہباز شریف، امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماون نے واقعہ کی مذمت کی ہے۔

Read Comments