الیکشن کمیشن کی اعظم سواتی کو اثاثوں میں تضاد دور کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت
اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر اعظم سواتی کو اثاثوں میں تضاد دور کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی جبکہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو بھی اثاثوں میں تضاد ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کے اثاثوں میں تضاد سے متعلق کیس کی سماعت کی، وفاقی وزیر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کو اثاثوں میں تضاد دور کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی آپ پولیٹیکل فنانس ونگ کے ساتھ بیٹھ کر اثاثوں میں تضاد کا معاملہ حل کر لیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے اثاثوں میں تضاد کے معاملے پر الطاف ابراھیم کی سربراہی میں 4رکنی بینچ نے سماعت کی، خالد مقبول صدیقی کے وکیل بینچ کے سامنے پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو بھی اثاثوں میں تضاد دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دونوں کیسز کی سماعت 11نومبر تک ملتوی کر دی۔
