عمران خان کا مقصد ملک کو نقصان پہنچانا ہے،فضل الرحمان
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جو حالات چل رہے ہیں اس کے تحت یہ حکومت دسمبر تک ختم ہوجانی چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم اس وقت تک احتجاج کریں گے جب تک ووٹ کی امانت عوام تک نہیں پہنچاتے ۔
ان کاکہنا تھا کہ عمران خان کا مقصد پاکستان کو نقصان پہچانا ہے۔
اس سے پہلے پی ڈی ایم اورجمعیت علمائےاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر ملک بھر میں جمعہ سے پورا ہفتہ احتجاج کرنے کا اعلان کیاہےاور قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی پورا ہفتہ احتجاج کریں اور فرانسیسی مصنوعات کے استعمال کا بائیکاٹ کردیں۔
سکھر کے مدرسہ منزل گاہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس کے ساتھ تجارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔انکا کہنا تھا کہ یہ عجیب یورپ ہے جو خود کو حضرت عیسیٰ کا پیروکار کہتا ہے مگر جب وہاں حضرت عیسی کی توہین ہوتی ہے تو اس کے لئے بھی مسلمانوں کو احتجاج کرنا پڑتا ہے۔
انکا کہنا تھاکہ گستاخانہ خاکوں سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔فرانس کے صدر کی ہدایات پر گستاخانہ خاکوں کو عمارتوں پر آویزاں کیا گیا۔فرانس کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت کے دوران بامیان کے اندر بدھا کے بت کو توڑنے کی کوشش کی گئی تھی جس پر اگلے روز فرانس کے سفیر جس سے میری ملاقات طے تھی وہ منسوخ کردی گئی تھی۔انہوں نے کہایہ لوگ مذہب کے حوالے سے بے حس ہوچکے ہیں ہمیں ان کی سوچ اور فلسفہ قبول نہیں ہے۔