آپ ﷺ کی بے مثل تعلیمات انسانوں کیلئےمشعل راہ ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ سرور کائناتﷺکی حیثیت بےمثال آفتاب کی ہے ،آپﷺکی بے مثل تعلیمات انسانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے یوم ولادت پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خاتم النبیینﷺ کےیوم ولادت پرقوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،سرور کائنات ﷺکی حیثیت بےمثال آفتاب کی ہے،آپ ﷺ کی بے مثل تعلیمات انسانوں کیلئے مشعل راہ ہیں،آپ ﷺکی حیات مبارکہ جہد مسلسل اور انسانیت کی رہنمائی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ آپﷺ کی حیات فلاح پر مشتمل ایک عظیم نظام کے قیام سے عبارت ہے،آپ ﷺ نے بے مثال فلاحی ریاست قائم کرکے دکھائی، آج فلاح عامہ کی بنیاد پر تشکیل معاشرے ان ہی اصولوں پر قائم ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہناتھا کہ عدل وانصاف، مذہبی وسماجی آزادی کا عملی نمونہ ریاست مدینہ تھی، مغرب نے ریاست مدینہ سے رہنمائی لے کر انسانی فلاح کیلئے کام کیا، کوشش ہے کہ ریاست مدینہ کے تصورسے مکمل رہنمائی حاصل کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وطن عزیز کو فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالیں گے، ہم نے اس سفر کا آغاز کردیا ہے، اب منزل زیادہ دور نہیں، کورونا کو پہلے مرحلے میں اللہ کی مدد سے زیادہ پھیلاؤ سے روکا، کچھ عرصہ سے کورونا کی دوسری لہر سر اٹھا رہی ہے، ہمیں چاہیے کہ مسلسل احتیاطی تدابیر پرعمل پیرا رہیں۔
