جشن عید میلاد النبیﷺ: کوئٹہ میں آج موبائل فون سروس بند رکھنے کا اعلان
کوئٹہ:بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جشن عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر آج موبائل فون سروس بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔
کوئٹہ میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 12 ربیع الاول کے حوالے سے آج موبائل فون سروس بند رہے گی، موبائل فون سروس صبح 8 بجے سے 12 گھنٹوں کیلئے بند رہے گی۔
محکمہ داخلہ کوئٹہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق موبائل فون سروس بند کرنے کا مقصد سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا ہے۔
واضح رہے کہ آج بروز جمعہ 12 ربیع الاول کو کوئٹہ سمیت ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺبھرپور جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے، اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔
کوئٹہ میں فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے جلوس کی گزرگاہوں پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور چاق و چوبند دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
