اپوزیشن سیاست کرےبغاوت نہ کرے،ریاست باغیوں سے نمٹناخوب جانتی ہے، شہباز گل
لاہور:وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن سیاست کرے بغاوت نہ کرے، ریاست باغیوں سے نمٹنا خوب جانتی ہے، اپوزیشن کے بیانئے سے کس طرح نمٹنا ہے وزیراعظم اور عسکری قیادت سمیت پاکستان کے بڑوں کو مل کر سوچنا پڑے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ کے بعد اب میاں مفرورالدین کا بیانیہ اسمبلیوں میں بولا جارہا ہے، یہ لوگ اپنے پیسے بچانے کیلئے قومی سلامتی کے ساتھ کھیل رہے ہیں، ان کا مقصد فوج میں انتشار پیدا کرنا ہے لیکن اب ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ایاز صادق بتایئں کہ جب ٹانگیں کانپ رہی تھیں تو کیا وہ پاؤں میں تو نہیں بیٹھے تھے، ابھی نندن کو جنیوا کنونشن کی بجائے ریاست مدینہ کے سنہرے اصولوں پر رہا کیا گیا۔
شہباز گل نے مزیدکہا کہ پاکستانی فوج کے جوانوں اور افسروں نے وہ جواں قدر خدمات سرانجام دی ہیں جس پر قوم کو فخر ہے ، پاک فوج کی وجہ سے ہی پاکستان مستحکم اور یکجا ہے ، ہمیں اپنے افسران اور جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سیاست کرے بغاوت نہ کرے، ریاست باغیوں سے نمٹنا خوب جانتی ہے، اپوزیشن کے بیانئے سے کس طرح نمٹنا ہے وزیراعظم اور عسکری قیادت سمیت پاکستان کے بڑوں کو مل کر سوچنا پڑے گا، جلسوں کیلئے ضابطہ اخلاق دیا جائے گا۔
