غداری کے بینر لگانے والا شخص رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ویڈیو وائرل

جس دن سے نیشنل اسمبلی میں ن لیگی رہنما ایاز صادق نے ریاستی ...
شائع 01 نومبر 2020 09:04am

جس دن سے نیشنل اسمبلی میں ن لیگی رہنما ایاز صادق نے ریاستی بیانیے سے ہٹ کر بات کی اور ابھینندن والے معاملے کو متنازع بنایا، اس پر انڈین میڈیا تو شور مچا ہی رہا ہے تاہم وطن پاکستان کے طول و بلد سے بھی غم و غصہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

اس بیان کے آفٹر شاکس میں کئی ن لیگی سینئر رہنما بیانیے کا وزن اٹھانے سے معذرت کرتے ہوئے پارٹی سے الگ ہوتے جا رہے ہیں۔

تاہم ایاز صادق ابھی بھی اپنی بات پر ڈٹا ہوئے ہیں کہ میں نے کوئی غلط بات نہیں کی۔ ایاز صادق کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی آیا اور کئی ٹرینڈ بھی وائرل ہوئے۔

اس حوالے سے ملک کے ساتھ غداری کی دو درخواستیں بھی متعلقہ اداروں کو جمع کرائی گئیں تاکہ ایاز صادق کے خلاف غداری کا کیس بنایا جا سکے۔

مگر ایک اور انہونی یہ ہوئی کہ لاہور میں ایاز صادق کے حلقے میں نامعلوم افراد نے گزشتہ روز بینر اور فلیکس لگا دیے جس پر انہیں غدار اور بھارتی ایجنٹ کا نام دیا گیا تھا۔

کسی بھی شخص نے وہ بینر لگانے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ن لیگ میں اس حرکت پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تاہم پنچاب حکومت نے متعلقہ ادارے کو تفتیش کرنے کا حکم دے دیا کہ پتا لگایا جائے کہ یہ بینر کس نے لگائے۔

تاہم اب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو ٹرینڈ کر رہی ہے۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاہور کے علاقے میں سڑک کے کنارے ایک چنگ چی بینروں سے بھرا ہوا ہے اور ویڈیو بناتا ہوا شخص چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے کہ دیکھیں یہ بینر لگانے والا شخص رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔

وہ ایک ادھیڑ عمر شخص کو ویڈیو میں دکھاتا اور کہتا ہے کہ یہ ولیم بھٹی ہے اور یہ علیم کا خان کا آدمی ہے۔ ساتھ ہی ویڈیو بنانے والا شخص اسے کہتا ہے کہ آپ کو شرم نہیں آتی آپ پاکستان کی سڑکوں پر مودی کی تصویریں اور ہندوستان کے جھنڈے لگا رہے ہو اور ایاز صادق کو غدار کہہ رہے ہو۔

اس پر سامنے والا شخص چپ چاپ کھڑا رہتا ہے۔ لوگ ادھر ادھر سے گزر رہے ہیں اور کچھ لوگ خاموشی سے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں تاہم ان میں سے کوئی بندہ ردعمل نہیں دیتا۔

Read Comments