پاکستان کی آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشتگرد حملے کی مذمت
اسلام آباد:پاکستان نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشتگرد حملے کی مذمت کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ زائد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشتگردی کے گھناؤنے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں،سینٹرل ویانا میں دہشتگرد حملے میں کئی قیمتی جانیں ضائع جبکہ بہت سے زخمی ہوئے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ہم دہشتگردی سےمتاثرہ خاندانوں سے اظہارتعزیت کرتے ہیں جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگوہیں، پاکستان ہرطرح کی دہشتگردی کی مذمت کا اعادہ کرتا ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں یہودی عبادت گاہ کے قریب فائرنگ سے 2افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئےتھے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
آسٹریا کے حکام نے واقعے کو دہشتگردی قرار دے دیا،یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ویانا میں کچھ دہشتگرد ایک ہوٹل میں موجود ہیں جہاں انہوں نے کئی افراد کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق دہشتگردوں کی تعداد 10تھی، جنہوں نے 6مختلف مقامات پر حملے کئے،ایک دہشتگرد نے خود کو بم سے اڑادیا جبکہ 2حملہ آور پولیس کی فائرنگ سے مارے گئے،فرار ہونے والے 7 دہشتگردوں کی تلاش ابھی جاری ہے۔
آسٹریا حکام کے مطابق ویانا میں فوج طلب کرلی گئی ہے اور اسکول بند کردیئے گئے ہیں، دہشتگرد حملے میں کئی لوگ ملوث ہیں تاہم حملے کے پیچھے کیا مقاصد ہیں، اس بارے میں ابھی کوئی بات سامنے نہیں آسکی۔
