اثاثہ جات کیس :نیب نے راناثناء اللہ کو 10 نومبر کو طلب کرلیا
لاہور:آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب لاہور نے مسلم لیگ (ن)کے رہنما ءرانا ثنا ءاللہ کو 10 نومبر کو طلب کرلیا ہے،رانا ثنا ءاللہ کو متعلقہ ریکارڈ اپنے ہمراہ لانے کی ہدایت کردی گئی۔
مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناءاللہ کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق رانا ثنا اللہ کو 10نومبر کو دوپہر 2بجے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے،نیب کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم رانا ثناءاللہ سے تحقیقات کرے گی۔
ذرائع کے مطابق رانا ثناء اللہ کو تمام متعلقہ ریکارڈ اپنے ہمراہ لانے کی ہدایات کی گئی ہیں،اس سے قبل رانا ثناءاللہ 10ستمبر کو نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے گذشتہ طلبی پر نامکمل دستاویزات فراہم کی تھیں۔
نیب لاہور میں رانا ثناء اللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزامات پر تحقیقات جاری ہے۔
