وزیر اعلیٰ پنجاب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود ...
شائع 06 نومبر 2020 08:35pm

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات، دونوں رہنماؤں نے اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم مہم کی شدید مذمت کی اور کہا اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے ادارے سب کے لئے قابل احترام ہیں۔ مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک امر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ اپوزیشن اداروں کو متنازعہ بنا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو ریلیف مل رہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلی سے عثمان ڈار نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلی نے کہا کہ اپوزیشن کا شرانگیز بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے اور ملکی وقار کے منافی رویئے کی وجہ سے اپوزیشن اتحاد کا شیرازہ بکھر رہا ہے۔

کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ عوام ایس او پی پر عملدرآمد کریں وگرنہ مزید سخت اقدامات کرسکتے ہیں۔

Read Comments