"دنیاکےکسی ملک نےشرح سودمیں اتنی کمی نہیں کی جتنی پاکستان نےکی"
لاہور: گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ دنیا کے کسی ملک نے شرح سود میں اتنی کمی نہیں کی جتنی پاکستان نے کی ہے جبکہ کوویڈ کی وجہ سے 90 فیصد چھوٹے تاجروں کے قرضے بھی ڈیفر کئے گئے ہیں۔ ملک میں جلد ڈیجیٹل مائیکرو فنانسنگ اور مائیکرو پے منٹ سروسز متعارف کرا دی جائے گی۔
لاہور چیمبر آف کامرس میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ کوویڈ کی وجہ سے 90 فیصد چھوٹے تاجروں کے قرضے ڈیفر کئے گئے ہیں جبکہ 200 ارب کے قرضے ری اسٹرکچر بھی کئے گئے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال تک پالیسی ریٹ 13 فیصد تھا جسے کم کرکے 7 فیصد تک لایا گیا ہے، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ دنیا کے کسی ملک نے انٹرسٹ ریٹ میں اتنی کمی نہیں کی۔
ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک سیما کامل نے کہا کہ مارک اپ سبسڈی اسکیم کے ذریعے چھوٹے گھروں کیلئے قرضے دیئے جائیں گے جبکہ پرائم منسٹر کامیاب جوان سکیم کے زریعے ایک لاکھ سے ڈھائی کروڑ تک 3 سے 5 فیصد ریٹ پر قرض ملے گا۔