پاکستان: ایک دن میں ایک ہزار 502 افراد کی کورونا رپورٹ مثبت
ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا کا خطرہ مزید بڑھنے لگا ہے، دوسری لہر مزید شدت پکڑنے لگی۔ حکومت، انتظامیہ شہریوں سے کہتے رہے کہ ایس او پیز پر عمل کریں، ہاتھ دھوئیں، اس سے پہلے کہ زندگی سے ہاتھ دھونا نہ پڑجائے۔ لیکن لوگوں نے ایک نہ سنی۔ مارکیٹس، گلی محلے غرض ہرجگہ بے احتیاطی اورغیر ذمہ داری دکھائی اور نتیجہ یہ ہوا کہ آج کورونا کیسزمزید بڑھ گئے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کیسز نے ڈیڑھ ہزار کا ہندسہ عبور کرلیا۔ ایک دن میں ایک ہزار 502 افراد کی کورونا رپورٹ مثبت آگئی۔ جولائی کے بعد کورونا میں مبتلا ہونے والوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ مزید 20 افراد جان سے گئے۔
کورونا کیسز میں سندھ سرفہرست ہے جبکہ ایک دن میں اموات میں پنجاب سرفہرست ہے، ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 16 ہزار 912 ہے، اسپتالوں میں 1057 مریض زیرعلاج ہیں، 129 وینٹی لیٹر پر ہیں۔
مجموعی طور پر 3 لاکھ 41 ہزار 753 افراد متاثر ہیں، ایک دن میں 34 ہزار 400 ٹیسٹ کیے گئے۔