سندھ رینجرز نے سیکیورٹی صورتحال کو جدید بنانے کیلئے ایپ متعارف کروادی
کراچی :سندھ رینجرز نے سیکیورٹی صورتحال کو جدید بنانے کیلئے لوگوں کے تحفظ کیلئے ایپ متعارف کروا دی، پہلے مرحلے میں اسپتالوں، بینکوں، اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیز، بزنس کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایپ دی جا رہی ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق سیکیورٹی صورتحال کو جدید اور مؤثر بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے لوگوں کے تحفظ کیلئے ایپ متعارف کروائی جا رہی ہے۔
کروڑوں کی آبادی والے شہر میں تمام لوگوں کو یہ سہولت فراہم نہیں کی جاسکتی لہذا ابتدائی مرحلے میں اسپتالوں، بینکوں، اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیز، بزنس کمیونٹیز اور مختلف شعبہ جات زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو یہ ایپ دی جا رہی ہے۔
اس ایپ کا مقصد کراچی میں ایک انٹیلی جنس نیٹ ورک تشکیل دے کر مختلف اداروں اور عوام میں سیکیورٹی کے احساس کو بہتر بنانا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے بروقت کارروائی کے ذریعے جرائم کی روک تھام ہے۔
ایس او ایس الرٹ ایپ کے تحت رجسٹردارہ اور شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں آگاہی دے سکتے ہیں، ایک بٹن دبانے سے صارف کا پیغام رینجرز سندھ کے قائم کردہ کنٹرول رومز اور تمام سیکٹر، ونگ کمانڈر کو پہنچ جاتا ہے جس کی مدد سے اطلاع دینے والے شخص کی مکمل تصدیق اور وہ جگہ جہاں سے اطلاع دی جا رہی ہے، کنٹرول رومز میں اسکرین پر نمایاں ہوجائے گی اور الارم کے ذریعے اطلاع مل جائے گی۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز کی جانب سے علاقے میں موجود گشت کرنے والی قریبی موبائل کو ایمرجنسی کال موصول ہونے والی جگہ کے متعلق آگاہ کیا جائے گا تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
