آرزوفاطمہ کی عمر14سے 15سال ہے، میڈیکل بورڈکی رپورٹ عدالت میں جمع

کراچی :آرزو فاطمہ سے متعلق میڈیکل بورڈ کی رپورٹ سندھ ہائیکورٹ...
اپ ڈیٹ 09 نومبر 2020 11:59am

کراچی :آرزو فاطمہ سے متعلق میڈیکل بورڈ کی رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرادی گئی جس کے مطابق آرزو فاطمہ کی عمر 14سے 15سال ہے،عدالت نے چائلڈ میرج ایکٹ کی روشنی میں تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے آرزو کو واپس دارالامان منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔

سندھ ہائی کورٹ میں آرزو کیس کی سماعت ہوئی ہوئی، پولیس نے سخت سیکیورٹی میں آرزوفاطمہ کو شیلٹر ہوم سے عدالت میں پیش کیا۔

دوران سماعت عدالت نے آرزو سے استفسارکیاکہ آپ نے کسی دباؤ میں اسلام قبول کیا ہے؟۔

آرزو نے عدالت میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوئی دباؤ نہیں، مرضی سے اسلام قبول کیا۔

عدالت نے آرزو سے مزید استفسار کیا کہ کیا آپ والدین کے پاس جانا چاہتی ہیں؟جس پر لڑکی آرزو فاطمہ آبدیدہ ہوگئی اور عدالت کو جواب دیا کہ شوہر کے ساتھ جانے دیا جائے ورنہ مرجاؤں گی۔

آرزو سے متعلق میڈیکل بورد کی سربمہر رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں پیش کردی گئی،5رکنی بورڈ نے آرزو کی عمر کا تعین کیا ، میڈیکل رپورٹ میں آرزو فاطمہ کی عمر 14سے 15سال ہے۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کوبتایا کیس میں چائلڈ میرج ایکٹ کی دفعات شامل کرلی گئی ہیں۔

عدالت نے آرزوفاطمہ کو شیلٹر ہوم بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کہ صرف اُن لوگوں کی آرزو سے ملاقات کرائی جائے جن سے وہ ملنا چاہے ۔

بعدازاں سندھ ہائیکورٹ نے آرزو کیس کی مزید سماعت 23نومبر تک ملتوی کردی۔

Read Comments