شہباز شریف کے میڈیکل ٹیسٹس کروالیے گئے

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو مختلف میڈیکل ٹیسٹ کروانے...
شائع 10 نومبر 2020 07:33pm

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو مختلف میڈیکل ٹیسٹ کروانے کےلئے کوٹ لکھپت جیل سے لاہور جنرل اسپتال لایا گیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر کو بکتر بند گاڑی میں اسپتال لانے کی مریم اورنگزیب نے مذمت کی ہے۔

سپریٹنڈنٹ سینٹرل جیل کوٹ لکھپت نے سربراہ جنرل اسپتال لاہور سے ایک مراسلے کے ذریعے شہباز شریف کے میڈیکل ٹیسٹ کروانے کےلئے وقت مانگا تھا۔آج مسلم لیگ ن کے صدر کو میڈیکل ٹیسٹ کےلئے بکتر بند گاڑی میں لاہور جنرل اسپتال لایا گیا۔

شہباز شریف کے علاج کےلئے حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے جناح اسپتال کے 6 رکنی میڈیکل بورڈ نے خون کے روٹین کے ٹیسٹ اور ای سی جی تجویز کی تھی۔

معائنے کے دوران شہباز شریف کے سینے کا ایکسرے، سی ٹی سکین اور کمر درد کےلئے ایم آر آئی بھی کروائی گئی۔ میڈیکل ٹیسٹ کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر کو واپس کوٹ لکھپت جیل پہنچا دیا۔

دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن نے شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں اسپتال لانے کی شدید مذمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ شدید درد کی حالت میں بھی شہباز شریف کو علاج نہیں اذیت دینے کےلئے بکتر بند گاڑی میں اسپتال لایا گیا۔

Read Comments