نوازشریف کواشتہاری قراردینے کےعلاوہ کوئی اورآپشن نہیں، احتساب عدالت
لاہور:احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری حکم جاری کردیا ،جس میں کہا گیا ہےکہ نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج اسد علی نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری حکم جاری کیا ۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف بار بار طلبی کے باوجود عدالت پیش نہیں ہوئے، اشتہارات آویزاں کرنے کے 30 دن بعد بھی نواز شریف پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے کہا کہ نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کے علاوہ عدالت کے پاس کوئی اور آپشن نہیں،نواز شریف کی گرفتاری کیلئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاتے ہیں۔
احتساب عدالت نے حکم دیا کہ متعلقہ ایس ایچ او دائمی وارنٹ گرفتاری کو رجسٹر میں نوٹ کریں، نواز شریف کی حد تک کیس کو ریفرنس سے الگ کر دیا گیا ہے۔
تحریری حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب نواز شریف کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات عدالت پیش کرے، آئندہ سماعت پر دیگر ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کی جائیں گی۔
عدالت نے نواز شریف کی جائیداد قرق کرنے کا حکم بھی دیا ہےجبکہ کیس کی آئندہ سماعت 26 نومبر کو ہوگی۔
