گلگت بلتستان میں انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی
غذر:گلگت بلتستان میں انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی، سیاسی جماعتیں عوام کو متاثر کرنے کیلئے آج ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گی، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں سخت مقابلے کا امکان ہے ، ووٹنگ 15نومبر کو ہوگی۔
رقبے کے لحاظ سے گلگت بلتستان کے سب سے بڑھ ضلع غذر میں انتخابی گہما گہما عروج پر ہے ، گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے ،مہم رات 12 بجے ختم ہورہی ہے۔
انتخابی معرکے میں 2 روز باقی ہیں، 23 نشستوں پر پولنگ 15 نومبر کو ہوگی اس سلسلے میں 176 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں،3حلقوں کے 1لاکھ 15ہزار314 ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
گلگت بلتستان الیکشن کیلے، عملہ تعینات کردیا گیا جبکہ پولنگ اسٹیشنز پر سامان کی ترسیل جاری ہے، اس حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا سے پولیس کے اضافی دستے گلگت بلتستان پہنچ گئے، پولیس، رینجرز، اسکاؤٹس اور ایف سی کے جوان ڈیوٹی انجام دیں گے۔
سیاسی جماعتیں عوام کو متاثر کرنے کیلئے آج ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گی، پاکستان تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں سخت مقابلے کا امکان ہے ۔
جی بی اے 19 غذر ون میں کل 13امیدوارمیدان میں ہیں ، پیپلزپارٹی کے سیدجلال علی شاہ ، تحریک انصاف کے ظفرمحمد شاہ دم خیل کے درمیان مقابلہ دیکھا جارہا ہے تاہم آزاد امیدوارنوازخان بھی ٹف ٹائم دے سکتے ہیں ۔
جی بی20 غذر2 میں 26 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے پیپلزپارٹی کے ڈاکٹرعلی مدد شیرتحریک انصاف کے نذیر ایڈووکیٹ کے مقابل ہیں ،ن لیگ کے محمد نذرخان کی پوزیشن بھی مستحکم دیکھائی دیتی ہے تاہم ن لیگ کو خیرآباد کہنے والے آزاد امیدوارفدا خان آبائی نشست پر مقابلے میں ہیں جبکہ شہری مقامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے والے کو ہی ووٹ کا حقدار سمجھ رہے ۔
جی21 غذر3 میں 20 امیدوار ہیں جہاں پیپلزپارٹی کے محمد ایوب شاہ ، مسلم لیگ ن کے غلام محمد اور تحریک انصاف کے راجہ جہانزیب کے درمیان مقابلہ ہے۔
