کشمور: ماں اور بیٹی ریپ کیس میں گرفتار ملزم اپنے انجام کو پہنچ گیا
کشمور میں ماں اور بیٹی ریپ کیس میں گرفتار ملزم اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ پولیس دوسرے ملزم کی گرفتاری کیلئے رفیق کو ساتھ لیکر گئی۔ جو ساتھی کی فائرنگ سے مارا گیا۔ پولیس کے دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔
کشمور پولیس کی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم رفیق نے دوسرے ملزم خیراللہ بگٹی کے ٹھکانے کا بتایا، پولیس رفیق کو لیکر مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے نکلی اور خیراللہ کے ٹھکانے پر پہنچی۔
ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی گولیاں چلادیں، فائرنگ کی زد میں آکر گرفتار ملزم رفیق مارا گیا۔ پولیس نے دوسرے ملزم خیراللہ بگٹی کو گرفتار کرلیا۔
جس مکان میں خاتون اور بچی کا ریپ کیا گیا وہاں کے سارے مکین بلوچستان فرار ہوگئے، کیس میں لاپرواہی برتنے پر تھانہ کشمور کے ایس ایچ او علی اکبر چنہ کو معطل کردیا گیا۔
ریپ کا شکار بچی علیشہ کی حالت میں بہتری نہ آسکی، جس کے بعد اُسے کراچی منتقل کردیا گیا۔
اُدھر سندھ حکومت نے ملزم کی گرفتاری میں مدد کرنے پر اے ایس آئی محمد بخش کی بیٹی کے لیے دس لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔