"جب وقت آیا تو شہریار آفریدی سے 30 کلو ہیروئن برآمد کریں گے"

ملتان: مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ میاں...
شائع 14 نومبر 2020 05:20pm

ملتان: مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کا 1992 سے بیانیہ سویلین بالادستی کا ہی ہے۔ عمران خان جیل میں 36 گھنٹے بھی نہیں گزار سکتے۔ جب وقت آیا تو شہریار خان آفریدی سے 30 کلو ہیروئن برآمد کریں گے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ سلیکٹرز کیلئے پیغام ہوگا۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات صرف یہی ہوں گے کہ سیاست میں مداخلت نہ کی جائے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ ملک ووٹ کی طاقت سے بنا اور ووٹ کی طاقت سے ہی چلایا جانا چاہیئے۔ ہماری جدوجہد ملک میں شفاف انتخابات کی ہے۔ اب ہر شہری کا فرض ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک میں حصہ ڈالیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ اور غلط فیصلوں کی وجہ سے آٹا اور چینی بحران ہوا۔ آٹا چینی اور بجلی کی مد میں عوام سے 2375 ارب روپے زائد وصول کئے گئے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک ری سیشن میں چلا گیا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ چینی مافیا کو عوام کی جیب پر تین سو ارب روپے کا ڈاکا ڈالنے کی اجازت دی گئی۔ جہانگیر ترین باقاعدہ ڈیل کے تحت اور جوڑ توڑ کے لئے ملک واپس آئے ہیں۔ اب ان کے خلاف سب انکوائریاں بند ہو جائیں گی۔

گلگت بلتستان کے لیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم دھاندلی کے حربوں سے آگاہ ہیں، گلگت میں پری پول دھاندلی کی جارہی ہے۔ موجودہ تناظر میں گلگت کے الیکشن کو شفاف نہیں کہہ سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان 36 گھنٹے جیل میں نہیں گزار سکتے۔ عمران خان نے ایجنسیوں کے بندے بٹھا کر ہمیں جیلوں میں اذیت دی۔ شیخ رشید کو میں نے خود نواز شریف کے پیچھے دم ہلاتے پھرتے دیکھا ہے۔

Read Comments