نوازشریف کی واپسی پرہنگامہ آرائی کے 3 مقدمات سیشن کورٹ منتقل

لاہور:انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے نواز شریف کی واپسی پر...
شائع 16 نومبر 2020 12:22pm

لاہور:انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے نواز شریف کی واپسی پر ہنگامہ آرائی کے 3مقدمات سیشن کورٹ منتقل کردئیے جبکہ ایاز صادق سمیت 32 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 23 نومبر تک توسیع کر دی گئی۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نمبر 3کے جج اعجاز احمد بٹر نے لیگی رہنما ءایاز صادق سمیت 4افراد کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت کو ملزمان کے وکیل فرہاد علی شاہ نے بتایا کہ نواز شریف کی واپسی پر 4مقدمات درج کئے گئے، جن میں سے 3مقدمات میں دہشتگردی کی دفعات کو ختم کر دیا گیا ہے، یہ مقدمات سیشن کورٹ منتقل کر دیئے جائیں جبکہ ایاز صادق کے مقدمہ میں دہشتگردی کی دفعات ختم نہیں کی گئیں جو کہ پولیس کی بدنیتی ظاہر کرتی ہے۔

پولیس نے تفتیش مکمل کرکے ریکارڈ پیش کرنے کیلئے 10روز کی مہلت کی استدعا کی۔

عدالت نے 3مقدمات سیشن کورٹ منتقل کرتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 23 نومبر تک توسیع کردی اور پولیس کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کیس میں پولیس نے بتایا کہ 18 افراد اس مقدمہ میں شامل تفتیش ہوئے ہیں۔

عدالت نے دیگر ملزمان کو شامل تفتیش کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Read Comments