نومبر سے جنوری تک تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کی تجویز
اسلام آباد: بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے اجلاس میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر نومبرسے جنوری تک تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کی تجویز دے دی گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اہم اجلاس ہوا ،جس میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران تعلیمی اداروں میں کیسز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور اس دوران تعلیمی اداروں اور ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ موسم سرما کے شیڈول پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں موسم سرما کی چھٹیاں جلد اور لمبی کرنے کی تجویزپر تبادلہ خیال کیا گیا اور نومبرسے جنوری تک تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کی تجویز دی گئی، تعطیلات سے متعلق حتمی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کرے گی۔
وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں کورونا کے کیسزخطرناک حد تک بڑھ گئے ہیں،بچوں اور اساتذہ کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے البتہ ابھی اسکول بند کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزرائے تعلیم نے اسکولوں کو بند کرنے کی مخالفت کر دی ،اگلےہفتےدوبارہ اجلاس ہوگا،جس میں صورتحال کاجائزہ لیاجائےگا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کا اجلاس آج شام کو متوقع ہے جس میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق فیصلہ ہوسکتا ہے۔
بعد ازاں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردیا گیا اور اسکولوں کی بندش سے متعلق فیصلہ ایک ہفتے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے ٹوئٹ کیا کہ اسکولز بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا تمام آپشنز زیرغور ہیں فیصلہ آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔
