آصف زرداری اور فریال تالپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
اسلام آباد :احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
اسلام آبادکی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سابق صدرآصف زرداری اور فریال تالپورکیخلاف جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس کی سماعت کی۔
آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
پولیس گرفتار ملزم حسین لوائی کو عدالت کے روبرو پیش نہ کر سکی،آئیسولیشن میں ہونے کی وجہ سے ملزم ارشد تبریز بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
جس پر عدالت نے کہا کہ ارشد تبریز اپنا جونئیر وکیل مقرر کریں کہ ان کے غیر موجودگی میں گواہ کا بیان ریکارڈ کریں، آئندہ سماعت پر گواہان کا بیان قلم بند کیا جائے گا۔
بعدازاں احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی مزید سماعت 19 نومبر تک ملتوی کردی۔
