پنجاب کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی منظر عام پر، وزرا کی سرزنش

پنجاب کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی۔ وزیر...
شائع 18 نومبر 2020 08:56am

پنجاب کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کابینہ اجلاس میں دو وزراء کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سب معلوم ہے کہ باہر بیٹھ کر جو سازشیں کرتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ وزیراعلیٰ بن کر دکھاؤ، اب وزیراعلیٰ بن کر دکھاؤں گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کابینہ کے اجلاس میں 2 وزرا کی سرزنش کردی۔ وزیر تعلیم مراد راس نے اپنا سیکرٹری تعلیم تبدیل کرنے کا معاملہ کابینہ اجلاس میں اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کا سیکرٹری تبدیل کردیا گیا اور ان سے پوچھا بھی نہیں گیا۔

جبکہ وزیر قانون راجہ بشارت بولے کہ چین آف کمانڈ کے تحت معاملات سامنے آئیں تو بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو سیکرٹری تبدیل ہوئے وہ کورس پر جا رہے ہیں۔

جس پر وزیر اعلیٰ نے دونوں وزرا کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات ان سے اکیلے میں بھی کی جاسکتی تھی جبکہ یہ معاملہ اتنا بڑا بھی نہیں تھا جسے کابینہ اجلاس میں اٹھایا جائے، جو لوگ باہر بیٹھ کر سازشیں کررہے ہیں انہیں سب معلوم ہے۔ کہا جاتا ہے کہ وزیراعلیٰ بن کردکھاؤ، اب وزیر اعلیٰ بن کر ہی دکھاؤں گا۔

Read Comments