فیصل آباد کیلئے ترقیاتی پیکج کا اعلان
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیصل آباد کی ترقی و خوشحالی کیلئے 13ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا-
ترقیاتی پیکیج کے تحت فیصل آباد میں سڑکیں، پارکس، سیوریج اور پینے کے صاف پانی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ ٹریفک کی خراب صورتحال پر سی ٹی او فیصل آباد کو عہدے سے ہٹا دیا۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ایک روزہ دورے پر فیصل آباد پہنچے جہاں انہوں نے فیصل آباد کی ترقی و خوشحالی کے لئے 13ارب روپے کے پیکیج کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس پیکیج کے تحت صحت اور تعلیم کی سہولتوں کو بہتر بنائیں گے-
تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا مانچسٹر ہے- تمام علاقوں کی یکساں ترقی تحریک انصاف کا منشور ہے، ہماری حکومت نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی ہیں اور پنجاب نے اس ضمن میں لیڈ لی ہے- پنجاب میں کاروبار کا پہیہ تیزی سے چل رہاہے۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ہماری حکومت سے قبل سیمنٹ کی 12فیکٹریاں تھیں-تاہم حکومت نے 5 نئی سیمنٹ فیکٹریوں کو این او سی جاری کردئیے ہیں جبکہ دسمبر تک مزید 16فیکٹریوں کو این او سی جاری کردئیے جائیں گے- پنجاب حکومت صوبے میں 13سپیشل اکنامک زونز کے قیام کی منظوری دے چکی ہے- وزیراعلی نے فیصل آباد میں ٹریفک کی خراب صورتحال اور عوامی شکایات پر سی ٹی او حسان افضل کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا۔